آورنگ آباد میں تعلیمی بیداری کا محرک “مراٹھواڑہ ایجوکیشن ایکسپو” کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کردیا گیاہے، یہ ایجوکیشن ایکسپو امسال 15 دسمبر سے 22 دسمبر 2024 کے دورانئے میں عام خاص میدان میں ہوگا۔ اس بات کی اطلاع مائنڈز ان موشن فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں دی گئی۔ ایجوکیشن ایکسپو 2024 کی مجلس عاملہ تشکیل دی جا چکی ہے۔ نو منتخبہ مجلس عاملہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ اس سال کا ایکسپو ایک جامع تعلیمی ایونٹ ثابت ہوگا جو کہ طلبا، سرپرستوں، اساتذہ اور تعلیمی تحریک سے وابستہ جہدکاروں کی علمی تشنگی دور کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ یہ ایکسپو ایک طرح سے طلبا، طالبات،اساتذہ اور سرپرستوں کے لیے ایک پلیٹ فارم ثابت ہوگا تاکہ نئی نسل ماہرین کی رہنمائی میں اپنے مستقبل کی راہ کا تعین کرسکے۔
۔ 15 دسمبر سے 22 دسمبر تک جاری رہنے والے اس ایکسپو میں پروگراموں کو کچھ اس انداز میں ترتیب دیا گیا ہے کہ ایکسپو میں آنے والوں کو بہت کچھ دیکھنے، سیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملے گا۔ ہر روز ورکشاپس، سیمینار اور کانفرنسیں ہونگی، اس کے علاوہ تعلیمی میدان میں قدم رکھنے والے اساتذہ کے لئے فریشر کورسیز اور دیگر اساتذہ کے لئے فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام، کتاب میلہ، تعلیمی نمائش، انٹرایکٹیو سیمینار، کیرئیر کاؤنسلنگ، طلبا کے مسابقتی مقابلے،ثقافتی پروگرام، نیٹ ورکنگ کے مواقع ایجوکیشن ایکسپو کی خاص جھلکیاں رہے گی۔
ایکسپو کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ مراٹھواڑہ ایجوکیشن ایکسپو 2024 صرف ایک تقریب نہیں ہے بلکہ ہمارے علاقے کے تعلیمی منظرنامے کو تقویت دینے کی ایک تحریک ہے۔ اس تحریک کو کامیاب کرنے اور ہماری نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ایجوکیشن ایکسپو میں بڑھ چڑھ کر لوگوں کو حصہ لینا چاہئے تاکہ ہماری قوم کو تعلیمی میدان میں بااختیار بنایا جاسکے۔ اس ایکسپو میں ملک گیر سطح پر نامور تعلیمی ماہرین کی شرکت متوقع ہیں۔ ایجوکیشن ایکسپو تعلیمی اداروں کی شراکت اور عوامی شرکت کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتا۔ اورنگ آباد کے باشعور عوام نے گذشتہ دو سالوں سے تعلیمی میدان میں بیداری کا مظاہرہ کیا ہے، اسی بنیاد پر تیسری مرتبہ یہ ایکسپو روایتی انداز میں لیکن جدید تقاضوں سے ہم آہنگ منعقد کرنے کا عزم مجلس عاملہ نے کیا ہے، ایکسپو کی تیاریاں جنگی پیمانے پر جاری ہیں۔
مزید معلومات اور اپ ڈیٹس کے لیے اس ویب سائٹ www.educationexpo.org پر جائیں یا 9371231231 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔