
عالم گیر ادب اورنگ آباد کی جانب سے ادارہ بیت الیتیم میں جلسہ اعتراف خدمات ہوا۔ اس جلسے کی صدارت معروف فکشن نگار اسلم مرزا نے کی۔ اس موقع پر محترمہ ڈاکٹر رعنا حیدری ، احمد اقبال سر، عنایت علی انجینئر اور پروفیسر عبدالرحیم ارمان کی ادبی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔

پروگرام میں قاضی جاوید ندا نے محترمہ رعنا حیدری کی شاعری پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر عظیم راہی نے احمد اقبال سر کی ادبی تصنیفات کی روشنی میں ادبی خدمات کا خاکہ کھینچا۔ معروف ناول نگار نورالحسنین نے عنایت علی انجینئر کی ادبی کاویشوں اور بے لوث خدمات کو منفرد انداز میں پیش کیا ۔ ڈاکٹر شکیل احمد نے پروفیسر عبدالرحیم ارمان کی تدریسی خدمات اور ان کی شاعری کے حوالے سے ادبی سفر کا احاطہ کیا۔

ڈاکٹر ارتکاز افضل نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ پروگرام کے دوسرے سیشن میں شعری نشست ہوئی ۔ اس میں نوجوان شاعروں نے اپنا کلام پیش کیا اور خوب داد وتحسین حاصل کی ۔

عالم گیر ادب کا یہ چوتھا جلسہ اعتراف خدمات تھا جس میں ادیبوں اور شاعروں کی خدمات کا اعتراف کیا گیا اور انھیں تہنیت پیش کیں گئی ۔ نوجوان شاعر احمد اورنگ آباد نے پروگرام کی نظامت کی اور صدیقی صائم الدین کے اظہار تشکر پر جلسہ اختتام کو پہنچا۔