مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے سیکولرزم کی مالا جپنے والی پارٹیوں کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
اورنگ آباد دورے پر آئے اسد الدین نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خود کو سیکولر بتانے والی سیاسی جماعتیں مسلمانوں کے مسائل پر آواز نہیں اٹھاتیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے گھروں پر بلڈوزر چل جاتے ہیں۔ انہیں ہلاک کیا جاتا ہے انکی مسجدوں کو مسمار کیا جاتا ہے لیکن مسلمانوں کی ہمدرد ہونے کا دعویٰ کرنے والی پارٹیاں نہ پارلیمنٹ کے اندر صدائے احتجاج بلند کرتی ہیں اور نہ پارلیمنٹ کے باہر انکے منھ سے آواز نکلتی ہے۔
اپوزیشن اتحاد انڈیا میں شامل ہونے کے سوال پر اسد الدین اویسی نے کہا کہ انہیں کوئی پیش کش نہیں کی گئی ہے اور دوسری بات یہ ان جماعتوں میں ہی افرا تفری کا ماحول ہے۔
اورنگ آباد سے ایم پی امتیاز جلیل کے میرا روڈ سے پارلیمانی چناؤ لڑنے کےمعاملے پر اسد اویسی نے کہا کہ پارٹی اس پر غور کررہی ہے۔اسد الدین نے کسانوں کی تحریک کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انکی احتجاج کرنے کا حق ہے جسے حکومت کچل رہی ہے۔