
امروہا کی خواتین تعلیم کے میدان میں مسلسل آگے قدم بڑھا رہی ہیں۔تعلیم کا کوئی ایسا شعبہ نہیں ہے جہاں امروہا کی خواتین نے اپنے نقش قدم نہ چھوڑے ہوں۔ اس بار دو سگی بہنوں نے یو جی سی نیٹ کے امتحانات نمایاں نمبروں سے پاس کئے ہیں۔ یہ دونوں بہنیں ہیں فضہ نقوی اور افزا نقوی۔ بیٹیوں کی کامیابی سےامروہا کے گھیر کرم علی خاں کے رہائشی حیدر علی انجم کا سینہ یقیناً فخر سے چوڑا ہو گیا ہے۔افزا نقوی فارسی کی اسکالر ہیں جبکہ فضہ نقوی پالیٹیکل سائنس کی طالبہ ہیں۔ افزا نقوی دہلی یونیورسٹی کے شعبہ فارسی کے سربراہ پروفیسر علیم اشرف کی نگرانی میں پی ایچ ڈی کررہی ہیں۔ جبکہ فضہ نقوی جے این یو سے پالیٹیکل سائنس میں ایم اے کررہی ہیں۔دونوں بہنوں کی یو جی سی نیٹ میں کامیابی نہ صرف اہل امروہا اور انکے اہل خاندان کے لئے خوشی و مسرت کا باعث ہے بلکہ دیگر لڑکیوں کے لئے بھی مشعل راہ ہے۔