جس طرح امام حسین کے ایک عزادار کو اپنےسیاہ لباس کے وقار و حرمت کا خیال رکھنا چاہئے اسی طرح رسول اللہ کا لباس یعنی عبا، قبا اور عمامہ پہننے والوں کو اسکی عظمت کا خیال رکھنا چاہئے۔ مولانا ضمیر حیدر کراروی نے امروہا میں ایک مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاہ لباس پہنے والے کی حیثیت ایک فرد واحد کی نہیں ہے بلکہ وہ اس عظیم قوم کا نمائندہ ہے جو امام حسین سےاپنی وابستگی اور محبت کا دعویٰ کرتی ہے۔ مولانا ضمیر حیدر نے اپنی صنف سےتعلق رکھنے اور رسول اللہ کا لباس زیب تن کرنے والوں کے ذیل میں کہا کہ انکی ذمہ داری ہزار گنا بڑھ جاتی ہے۔ انہیں اپنے مرتبے کا پاس و لحاظ رکھنا چاہئے۔ عمامہ لگا کر اور عبا پہن کر ہر جگہ سر نہیں جھکایا جاتا ۔یہ عمامہ سر اٹھا کر جینے کے لئے ہے سر جھکا کر جینے کے لئے نہیں ہے۔ دنیاوی بارگاہوں سے ملی ہوئی پگڑیاں اور ہوتی ہیں اورمکتبہ اہل بیت سے عطا کردہ لباس کی عظمت اور ہوتی ہے۔
مولانا ضمیر حیدر کراروی نے روز عاشور میدان کربلا میں امام حسین کی صدائے استغاثہ کے حوالے سے کہا کہ امام حسین کا استغاثہ ہر دور میں فضا میں گونجتا رہتا ہے اور ہر دور کے انسانوں کے ضمیر جھنجھوڑنے کا کام کررہا ہے۔کسی بھی دور کا با ضمیر انسان امام حسین کی صدائے استغاثہ پر لبیک کہہ سکتا ہے۔
مولانا ضمیر حیدر نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ آخر اس فرش عزا کا فائدہ کیا ہے تو اسکے فائدے کا اندازہ اس سے کچھ ماہ دور رہنے کے بعد لگایا جاسکتا ہے۔ امام حسین کی عزاداری کا فرش دل و ضمیر کو بیدار کرتا ہے۔ انسان دوستی اور حق پرستی کا جزبہ پیدا کرتا ہے۔
مولانا ضمیر حیدر محلہ گزری کے عزا خانہ علمدار علیخاں میں منعقدہ عشرہ اربعن کی مجلسوں سے خطاب کر رہے ہیں۔ ان مجالس میں استاد حسن امام اورانکے ہمنوا سوز خوانی کررہے ہیں۔