شہر عزا اور علم و ادب کے گہوارے امروہا نے وطن کی ا ٓزادی اور حفاظت کے لئے اپنی جان قربان کرنے والے سپوتوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ موقع تھا یوم آزادی کی تقریب کا۔ تقریب کا اہتمام امروہا نگر پالیکا پریشد کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس تقریب میں سر زمین امروہا سے تعلق رکھنے والے مجاہدین آزادی اور شہیدوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انکے اہل خانہ کی عزت افزائی کی گئی۔
جہاں ایک طرف ملک کو غلامی کی زنجیروں سے آزاد کرانے کی جد جہد کرنے والے امرو ہا کے مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا وہیں سیاچن میں بحریہ کے ایک اہم آپریشن میں جان کا نزرانہ پیش کرنے والے شہید اسکواڈرن لیڈر آئی ایچ نقوی کی قربانی کو بھی یاد کیا گیا۔اس موقع پر شہید اسکواڈرن لیڈر کی بیوہ نرگس نقوی کو اعزاز سے نوازہ گیا۔ نگر پالیکا پریشد کی صدر ششی جین نے نرگس نقوی کو شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر دیگر اعزاز یافتہ مجاہدین آزادی اور شہید فوجیوں کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔
امروہا سے تعلق رکھنے والے مجاہدین آزادی بال گو بند گپتا،دین دیال ٹنڈن،ظہور احمد،رام کمار ،پرمیشوری داس،عبدالحق اور منشی کھمانی جاٹو کے ساتھ ساتھ شہید کرنل گوپال کرشن تریویدی جنہیں ویر چکر اور صدر جمہوریہ کے ذریعے بعد از مرگ وششٹھ سیوا میڈل(وی ایس ایم) سے نوازہ جا چکا ہے کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب میں نگر پالیکا پریشد صدر ششی جین نے لوگوں کو ملک کے اتحاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ قائم رکھنے کا حلف بھی دلایا۔
شہید اسکواڈرن لیڈر آئی ایچ نقوی امروہا کے محلہ کٹکوئ سے تعلق رکھتے تھے۔ یکم نومبر 1945 کو پیدا ہونے والے آئی ایچ نقوی نے ملک کی حفاظت کے جزبے سے سرشار ہو کر بحریہ میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔وہ27ستمبر 1984 کو دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سیاچن گلیشئر میں ایک اہم فوجی مشن میگھ دوت کے دوران شہید ہو گئے تھے۔امروہا نے اپنے اس بہادر سپوت کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا ہے۔ محلہ کٹکوئی میں ایک سڑک کا نام ان،کے نام پر رکھا گیاہے۔ انکے نام سے اسٹیشن کے پاس ایک اسٹیڈیم قائم کیا گیا ہے۔ جسکا افتتاح ہونا باقی ہے۔ اسکے علاوہ شہید اسکواڈرن لیڈر کی قربانی کو امروہا کی مختلف سماجی تنظیمیں خراج عقیدت پیش کر چکی ہیں۔