تحت اللفظ مرثیہ خواں اور شاعر اہل بیت ضیا عباس نجمی امروہوی کی پہلی برسی کے موقع پر مجلس ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا۔امروہا کے عزاخانہ مسمات چھجی میں منعقدہ اس مجلس عزا میں صاحب طرز تحت اللفظ مرثیہ خواں اور شاعر اہل بیت عباس مرتضیٰ ممتاز میرٹھی نے اپنے مخصوص انداز میں مرثیہ پیش کیا ۔ سید سبط سجاد نقوی اور انکے ہمنواؤں نے سوز خوانی کی۔ فخری میرٹھی کے فرزند دبیر آغا اور استاد شاعر انور ظہیر انور میرٹھی نے پیش خوانی کی۔
مداح اہل بیت اور صحافی ضیا عباس نجمی امروہوی کا مختصر بیماری کے بعد 7جولائی2021 کو انتقال ہو گیا تھا۔ مرحوم ضیا عباس نجمی بھی ممبر پر تحت اللفظ مرثیہ خوانی کرتے تھے۔۔ وہ تحت اللفظ مرثیہ خوانوں کے خانوادے کی چھٹی پشت کے مرثیہ خوان تھے۔ انکی پہلی برسی کے موقع پر انکے اہل خانہ نے یہ فیصلہ کیا مجلس کا ذاکر تحت اللفظ مرثیہ خواں ہو۔
عباس مرتضیٰ ممتاز میرٹھی بھی خاندانی تحت اللفظ مرثیہ خواں ہیں۔ انکے دادا اور والد بھی اپنے خاص انداز میں ممبر پر مرثیہ پیش کرتے تھے۔عباس مرتضیٰ نے مر انیس کے ذریعے نظم کردہ جناب عباس علمدارعلیہ السلام کے حال کا مرثیہ اپنے مروثی انداز میں پیش کیا۔ مجلس میں شہر کی کئی ممتاز ہستیوں نے شرکت کی۔ ایصال ثواب کی اس مجلس میں ڈاکٹر ناشر نقوی، ڈاکٹر لاڈلے رہبر، ماسٹر ثمر مجتبیٰ ،لیاقت امروہوی،فراز عرشی، ناظم امروہوی اور سراج نقوی بھی موجود تھے۔