
حقیقی اسلام سے لوگوں کو دور رکھنے لئے اسلام دشمن مغربی طاقتیں ہمیشہ سازشیں کرتی رہتی ہیں اور اپنے اس ناپاک مقصد کے حصول کے لئے مختلف حربے استعمال کرتی ہیں۔امروہا میں ایک مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا غلام محمد مہدی نے کہا کہ اسلام دشمن طاقتوں کی جانب سے کبھی سیکولر اسلام کا نظریہ پیش کیا گیا۔کبھی اسلام کوانسانیت دشمن مذہب بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔کبھی اسلام کو خواتین کی آزادی کا دشمن بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔چند برس پہلے داعش کی صورت میں اسلام کا ایسامکروہ چہرہ پیش کیا گیا جو قتل و غارتگری کا حامی تھا۔

مولانا غلام مہدی نے کہا کہ ان سب سازشوں کا واحد مقصد لوگوں کو حقیقی اسلام سے دور رکھنا ہے۔چونکہ دنیا کا بیشترمیڈیا اسلام دشمن طاقتوں کے پاس ہے اس لئے وہ اسلام کا جیسا چاہتے ہیں ویسا چہرا دنیا کے سامنے پیش کردیتے ہیں۔افسوس کی بات یہ ہیکہ کچھ نام نہاد اسلامی ممالک اور حکومتیں ان اسلام دشمن طاقتوں کی آلہ کار بنتی ہیں۔ ۔ مولانا غلام مہدی نے کہا کہ مسلمانوں میں بے حیائی اور عریانیت کو رائج کرنے کے لئے حجاب پر پابندیاں لگائی گئی ہیں۔اس وقت بیشتر یوروپی ملکوں میں حجاب پر پابندی لگی ہوئی ہے۔ حجاب پر پابندی کے پیچھے اصل وجہ یہ ہیکہ اسلام دشمن طاقتوں کو اچھی طرح معلوم ہیکہ جب تک حجاب باقی ہے مسلم خواتین میں حیا اور شرم باقی ہے اور جب تک خواتین میں حیا اور شرم باقی ہے ان کی آغوش میں ایمان کی خوشبو سے معطر نسل پروان چڑھتی رہےگی۔

مولانا غلام مہدی نے کہا کہ مغربی طاقتوں کے نشانے پر ایران کے ہونے کی اصل وجہ بھی وہی حقیقی اسلام ہے جو ایران میں رائج ہے۔ایران میں اسلامی قوانین و ضوابط فرش عزا اور عاشورہ کی دین ہیں۔
مولانا غلام محمد مہدی محلہ کٹکوئی کے عزا خانے میں رسول اللہ اور انکے بڑے نواسے امام حسن مجتبیٰ کی شہادت کے سلسلے میں منعقد مجلس عزا سے خطاب کررہے تھے۔ مجلس میں سوز خوانی سید سبط سجاد اور انکے ہمنواؤں نے کی۔مولانا غلام محمدمہدی تامل ناڈو میں چیف شیعہ قاضی کے عہدے پر فائز ہیں۔