امروہا میں محرم کے شاندار جلوسوں کے بعد ایک اور عظیم الشان جلوس برامد ہوا موقع تھا سرور کائنات، فخر موجودات،پیغمبر آخر الزماں رسول اللہﷺ کی ولادت باسعادت کا، جب شہر کی فضا نعرہ تکبیر اور یا رسول اللہ کے پر نور نعروں سے گونج اٹھی۔
میلاد النبی کی عید سعید کی مناسبت سے شاندار جلوس برامد ہوا۔ حافظ شمیم امروہوی کی تلاوت کلام الہیٰ سے جلوس کا آغاز ہوا۔ جلوس کو مسلم کمیٹی کے کنوینر سرتاج عالم منصوری، حاجی نسیم خاں، صدر حاجی خورشید انور، چیئرمیین منصور احمد وغیرہ نے سبز پرچم دکھا کر روانہ کیا۔ جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا ٹاؤن ہال پہونچ کر اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پزیر ہوا۔
جلوس میں شہر کے مختلف مدارس ۔ دینی و سماجی تنظیموں ،انجمنوں اور اداروں سے وابستہ لالکھوں عقیدت مندوں نے حصہ لیا۔ جگہ جگہ مختلف انجمنوں کی جانب سے جلوس کا استقبال کیا گیا۔ محرم کے ماتمی جلوسوں کا اہتمام کرنے والی ‘انجمن رضاکاران حسینی’ اور ‘انجمن تحفظ عزاداری’ کے ارکان نے بھی عید میلاد النبی کا شاندار طریقےسے خیر مقدم کیا۔
مختلف مقامات پر عقیدت مندوں پر پھول برسائے گئے۔ مٹھائیوں اور مشروبات سے انکی تواضع کی گئی۔ نعت خواں حضرات رسول اللہ اور اہل بیت کی شان میں نعت و منقبت پیش کر رہے تھے۔مسلم کمیٹی امروہا کے زیر اہتمام اس عظیم الشان جلوس میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارے کی مثالیں نظر آئیں۔مقامی پولیس انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن نے خوش اسلوبی کے ساتھ جلوس کی برامدگی کو یقینی بنایا۔مسلم کمیٹی کے صدر حاجی خورشید انور، چیئر مین منصور احمد ایڈوکیٹ اور جنرل سیکریٹری حاجی عبدالقیوم راعینی نے پولیس اور سول انتظامیہ اور جلوس کو کامیباب بنانے میں کسی بھی طرح کا کردارادا کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔