امروہا نوگانواں روڈ پر قائم ‘حسینی ایجوکیشنل بورڈنگ’ کی کوششیں رنگ لا رہی ہیں۔ اسکے طلبا کا تعلیمی معیارسال بہ سال بہتر سے بہتر ہورہا ہے۔ بورڈنگ کے ان طلبا کو انعامات سے نواز کر حوصلہ افزائی کی گئی جنہوں نے امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
طلبا کی حوصلہ افزائی کرنے کے سلسلے میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت مولانا بشارت حسین نے کی ۔ اسٹیج پر مولانا احسن اختر سروش، مولانا کوثر مجتبیٰ، مولانا سہیل اصغر، مولانا عمران ترابی، مولانا شفیع عباس، مولانا اعجاز حیدر اور مولانا سلمان کے ساتھ ساتھ حسینی ایجوکیشنل بورڈنگ کے مہتمم مولانا حیدر مہدی بھی موجود تھے۔ نمبروں کے اعتبارسے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا کو انعامات سے نوازہ گیا جبکہ سی بی ایس سی کے طلبا میں یونیفارم اور کتابیں تقسیم کی گئیں۔ طلبا میں انعامات کی تقسیم اسٹیج پر موجود علما کے ہاتھوں انجام پائی۔
تقسیم انعامات کے بعد معصومین علیہ السلام کی شان میں ایک منقبتی محفل کا بھی اہمتمام کیا گیا جسمیں مدعو شعرا نے مدحیہ کلام پیش کیا۔
‘الزہرا سوشل ویلفئر سوسائٹی’ کے زیر نگرانی قائم ‘حسینی ایجوکیشنل بورڈنگ’ کے مہتمم مولانا حیدر مہدی نے بورڈنگ کے قیام کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ عام طور سے شمالی ہندستان میں دو قسم کے تعلیمی ادارے قائم ہیں مدارس میں دینی تعلیم کا بندو بست ہوتا ہے اور اسکول کالجوں میں عصری تعلیم سے طلبا کا مستقبل سنوارنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ لیکن ‘حسینی ایجوکیشنل بورڈنگ’ کے زیر انتظام طلبا کو دینی اور عصری دونوں قسم کی تعلیم سے آراستہ کیا جاتا ہے۔ بورڈنگ کے تحت طلبا کے قیام و طعام کا بھی معقول بندوبست ہے ۔خاص بات یہ ہیکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ قیام و طعام کی سہولتوں کے لئے طلبا یا انکے والدین سے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جاتی۔ادارے کا مقصد قوم کے طلبا کو با مقصد اور معیاری تعلیم سے آراستہ کرکے انکا مستقبل روشن اور تابناک بنانا ہے۔پروگرام کی نظامت ڈاکٹر لاڈلے رہبر نے کی۔