
امروہا علم و ادب اور فنون لطیفہ کی بستی ہے۔ اس سرزمین نے اردو ادب کے دامن کو مالا مال کرنے والے شعرا اور ادیب پیدا کئے ہیں۔ ماہرین تعلیم نے بھی اس سرزمین کی آغوش میں تربیت پائی ہے۔ ۔ مصوروں اور خطاطوں نے بھی اس سرزین کا نام بین القوامی سطح پر روشن کیا ہے۔ اس چھوٹے سے خطے نے سائنس داں بھی پیدا کئے ڈاکٹرز او ر انجینئرز کو بھی پروان چڑھایا ہے۔ لیکن جدید ٹیکنالاجی کے حوالے سے ایک میدان ایسا تھا جس میں کوئی امروہا والا نظر نہیں آتا تھا اور وہ میدان تھا ڈرون کا۔ لیکن شہر کے ایک نوجوان نے اس کمی کو کچھ اس طرح سے پورا کیا ہیکہ وہ ملک گیر سطح پر ڈرون ماہرکے طور اپنی پہچان قائم کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔

اس ہونہار نوجوان کا نام ہے کامل نقوی۔ کامل نقوی ڈرون پر ایک کتاب تحریر کرچکے ہیں جسے مرکزی حکومت کے ادارے نے شائع کیا ہے۔۔ وہ حیدر آباد کے تکنیکی تعلیم کے ایک باوقار ادارے سے بحیثیت استاد وابستہ ہیں ۔ کامل نقوی نے امروہا کی پہچان ایک اور حوالے سے بھی قائم کی ہے۔ انہوں نے امروہا میں ڈرون اڑانے کی تربیت دینے والی ایک اکیڈ می بھی قائم کی ہے۔اس طرح انہوں نے ڈرون اڑانے کی تربیت کے حوالے سے امروہا کو عالمی نقشے پر پہونچا دیا ہے۔
کامل نقوی کے تکنیکی کارناموں اور کامیابیوں کا تزکرہ کرنے سے پہلے انکے خاندانی اور تعلیمی پس منظر کے بارے میں معلوم کرنا بھی ضروری معلوم ہوتا ہے۔

4 جولائی 1992 میں کامل نقوی امروہا کے محلہ گزری کے علی صادق عرف نیر رضا اور روبینہ کے چشم و چراغ بن کردنیا میں آئے۔بد قسمتی سے کامل نقوی باپ کے شفیق سایہ سے محروم ہوچکے ہیں۔ بچپن سے ہی پڑھنے لکھنے کے شوقین کامل نقوی نے ہائی اسکول اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات میرٹھ سے پاس کئے۔ لکھنؤ سے بی ٹیک اور مدراس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالاجی MIT سے ایرو ناٹکس میں انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی۔ کامل نقوی کی صلاحیتوں اور قابلیت کو دیکھتے ہوئے حیدر آباد کا باوقار تکنیکی تعلیمی ادارہ” نیشنل اسکلز ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ NSTI مہمان لیکچرار کے طور پر انکی خدمات حاصل کئے ہوئے ہے۔ اترپردیش کے کئی تکنیکی ادارے اپنے طلبا کو ڈرون ٹیکنالاجی کی تعلیم اور ڈرون اڑانے کی تربیت دینے کے لئےکامل نقوی کی خدمات حاصل کرتے ہیں۔

کامل نقوی نے ڈرون اوراسکو اڑانے کے تعلق سے ایک کتاب Remotely piloted Aircraft/ Drone pilotلکھی ہے۔ جسے Ministry of Skill Development And Entrepreneurship نے نیشنل انسٹرکشنل میڈیا انسٹی ٹیوٹNIMIکے ساتھ مل کر ہندی اور انگریزی زبانوں میں شائع کیا ہے۔ کامل نقوی کی یہ کتاب ملک کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ ITI اداروں کے نصاب میں شامل کی جارہی ہے۔ کامل نقوی کی اس کتاب کی رسم اجرا گزشتہ 5 ستمبر کو یوم اساتزہ پر دہلی میں منعقدہ ایک تقریب میں ادا کی گئی تھی۔ اس موقع پر Ministry of Skill Development And Entrepreneurship اور NIMI کے اعلیٰ حکام موجود تھے۔لیکن کچھ نجی مجبوریوں کی وجہ سےکامل نقوی اس تقریب میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔

کامل نقوی کی کامیابیوں کا سلسلہ یہیں نہیں تھما ہے۔ انہوں نے ڈرون اڑانے کی تربیت دینے والی ایک اکیڈمی بھی امروہا میں قائم کی ہے۔ ڈرون اڑانے کی تربیت دینے والی HAYEDRONE FLYING ACADEMY قائم کرکے کامل نقوی نے امروہا کو ایک جدید تکنیکی حوالے سے بھی ملک گیر پہچان دی ہے۔ اتر پردیش میں ڈرون اڑانے کی تربیت دینے والے محض چند ادارے ہی موجود ہیں۔ جن میں علی گڑھ کیPioneer فلائنگ اکیڈمی اورAmbition فلائنگ کلب, میرٹھ کی ڈرونا چاریہ اکیڈمی اور گریٹر نوئڈا کا Indian Institute of DronesاورVyomNetra خاص ہیں۔ کامل نقوی HAYEDRONE FLYING ACADEMY کے چیف ایکزیکیٹیو افیسر( سی ای او ) ہیں۔

انکی اکیڈمی میں دو ماہ کا DRONE PROGRAMMING AND CONTROLLING کورس، پندرہ روز کاDRONE SURVEILLANCE TECHNOLOGY کورس،پندرہ روز کا DRONE SOLAR INSPECTIONکورس،پندرہ روز کا DRONE AGRICULTURE OPERATING SYSTEMS AND TECHNIQUES کورس اورپندرہ روز کا DRONE PHOTOGRAPHY/ VIDEOGRAPHY کورس کرایا جاتا ہے۔

۔کامل نقوی کی اکیڈمی کے بارے میں زیادہ معلوماتwww.haydrone.com پر وزٹ کرنے سے حاصل کی جاسکتی ہے۔کامل نقوی اس وقت NSTI کے ایک بڑے اور اہم پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں۔کامل نقوی نے اپنی لیاقت، قابلیت، صلاحیت اور محنت کے بل پراہل امروہا کے فخر کے لئے کئی اسباب فراہم کر دئے ہیں۔