مولانا اظہر عباس نے محرم کی آمد کے پیش نظر مومنین کو تلقین کی ہیکہ امام حسین کی عزاداری کے موقع پر اپنے ہر قسم کے اختلافات کو پس پشت ڈال کر امام حسین سے اپنی محبت کا ثبوت دیں۔
عزا خانہ قمر النسا محلہ جعفری میں ایصال ثواب کی ایک مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اظہر عباس نے کہا کہ اگر عزاداری کے دوران ہم اپنے اختلافات کا اظہار کرتے ہیں تو اسکا مطلب یہ ہیکہ ہم اپنے مفادات اور اغراض کو امام حسین کی محبت پر ترجیح دیتے ہیں۔ مولانا اظہر عباس نے کہا امام حسین سے محبت کا تقا ضہ یہ ہیکہ ہم عزاداری کے دوران تمام باہمی گلے شکوے فراموش کرکے اتحاد اوریکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماتمی جلوسوں کے دوران مومنین امام حسین کے نقیب ہوتے ہیں۔ انکی تمام حرکات و سکنات پر اغیار کی گہری نظر رہتی ہے۔
اس مجلس عزا کا اہتمام انجمن اکبری کی جانب سے اپنے ان مرحوم ممبروں کے ایصال ثواب کے لئے کیا گیا تھا جو حالیہ برسوں میں جہان فانی سے رخصت ہوئے ہیں۔ مجلس میں سوزخوانی مدثر علی خاں اور انکے ہمنواؤں نے کی۔ مجلس عزا میں انجمن اکبری کے ارکان کے علاوہ شہر کے مومنین بھی شریک تھے۔