امروہا میں امام حسین کی جائداد میں مزید اضافہ ہواہے۔ اس شہر عزا میں خواتین کاایک اور باقاعدہ عزا خانہ قائم ہوا ہے۔ ۔محلہ مجاپوتا نئی بستی میں خواتین عزاداروں کے ایک عزاخانے کاگزشتہ روز افتتاح ہوا ۔افتتاحی تقریب کی صدارت مولانا وسیم نے کی۔ اس موقع پر مہمانان خصوصی کے طور پر مولانا ڈاکٹر شمس الحسن اور انجمن رضاکاران حسینی کے جنرل سیکریٹری خورشید زیدی نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت ڈاکٹر لاڈلے رہبر نے کی۔
اس موقع پر ایک مختصر محفل مسالمہ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں مدعو شعرائے اہل بیت نے بار گاہ معصومین میں نزرانہ عقیدت پیش کیا۔ اس سے قبل تقریب کا آغاز مولانا وسیم نے تلاوت کلام الہیٰ سے کیا۔ نعت کا نزرانہ تاجدار مجتبیٰ نے پیش کیا۔
مرحوم نہال احمد کے مکان میں ویسے تو خواتین کی عزاداری کا سلسلہ گزشتہ پچاس برس سے جاری ہے۔ بی بی سکینہ کی شہادت کی تاریخ پر انکا تابوت بھی برامد ہوتا ہے لیکن مکان کے اندر باقاعدہ طور سےعزا خانہ موجود نہیں تھا۔ سات آٹھ برس قبل مکان کے ایک حصے پر لنٹر ڈال کر عزا خانہ کی جگہ مخصوص کردی گئی تھی۔ لیکن اب نہال احمد کے ورثا نے گھر کے اندر ایک خوبصورت عزا خانہ تعمیر کردیا ہے۔ خواتین کی عزا داری کے لئے مخصوص اس عزا خانہ کو نہال احمد کے ورثا نے اپنی مرحومہ دادی عابدہ خاتون مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے وقف کردیا ہے ۔