تحریک حماس کےسربراہ اسماعیل ہنیہ اور فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس نے برسوں بعد الجزائرکے جشن آزادی کی تقریبات کے موقع پر ایک دوسرے سے ملاقات کی، اس ملاقات میں فلسطین کی قومی آشتی کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔
فلسطین کی تحریک فتح اور حماس کے درمیان ایک عرصے سے اختلافات جاری ہیں۔ مصر نے کئی بار اپنی ثالثی کے ذریعے ان کے اختلافات کم کرانے کی کوششیں کیں لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکی ہیں۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس نے برسوں بعد الجزائر میں ملاقات کی ۔ الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے اسماعیل ہنیہ اور محمود عباس کو الجزائر کے دارالحکومت آنے کی دعوت دی تھی۔
الجزائر کے صدر کے دفتر نے اس ملاقات کی تفصیلات اور اس سے متعلق ویڈیو جاری کرکے اعلان کیا کہ محمودعباس اور اسماعیل ہنیہ نے باہمی تعلقات برسوں منقطع رہنے کے بعد ، الجزائر کی آزادی کی ساٹھویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر مغربی الجزائر میں واقع قصر موتمرات میں ملک کے صدر کی موجودگی میں ہوئی ۔
اس رپورٹ کے مطابق محمودعباس نے الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون سے ملاقات میں مسئلہ فلسطین کی تازہ ترین صورت حال اور ملت فلسطین کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی جارحیتوں کے بارے میں گفتگو اور تبادلہ خیال کیا۔
اس ملاقات میں فریقین نے ملت فلسطین و ملت الجزائر کے درمیان باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کی راہوں اور باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال اور صلاح و مشورہ کیا ۔
فلسطینی ذرائع نے اس ملاقات میں محمود عباس اور اسماعیل ہنیہ کی ملاقات کے موقع پر فلسطین کے نائب وزیراعظم زیاد عمر، فلسطین کی انٹیلیجنس ایجنسی کے سربراہ ماجد فرج ، چیف جسٹس محمد الہباش اور تحریک حماس کے رہنما سامی ابوزہری بھی موجود تھے ۔