چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے رحیم یار خان میں مندر پر حملہ کرنے والے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا حکم جاری کر دیا۔سپریم کورٹ نے مندر حملے کے معاملے کا از خود نوٹس لیا۔معاملے کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے کی جس میں آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی، چیف سیکرٹری پنجاب اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔چیف جسٹس آف پاکستان نے آئی جی پنجاب انعام غنی اور چیف سیکرٹری کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ مندر پر حملہ ہوا، انتظامیہ اور پولیس کیا کر رہی تھی۔
آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ اے سی اور اے ایس پی موقع پر موجود تھے، انتظامیہ کی ترجیح مندر کے آس پاس 70 ہندو گھروں کا تحفظ تھی۔جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ اگر کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کام نہیں کر سکتے تو انہیں عہدے سے فارغ کر دیں۔آئی جی پنجاب انعام غنی نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات لگائی گئی ہیں۔(بشکریہ جیو نیوز)