مغربی کنارے میں بر سر اقتدار محمود عباس کی فلسطینی اتھارٹی کے خلاف لوگوں میں زبردست غصہ ہے۔ فلسطینی اتھارٹی سیاسی حریفوں کو یا تو گرفتار کرکے اذیتیں دے رہی ہے یا انہیں ختم کیا جارہا ہے۔ حالیہ واقعہ نزار بنات کی ہلاکت کا ہے۔ نزار بنات محمود عباس حکومت کے سخت مخالف تھے اور اس پر شدید تنقید کرتے رہتے تھے۔ نزار بنات کی پولیس تحویل میں ہلاکت کے بعد سے ہزارو ں فلسطینی اسرائیلی مقبوضہ کنارے کے مختلف شہروں میں سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں۔
لوگوں کا الزام ہیکہ تحویل میں اتھارٹی کے سیکورٹی اہلکاروں نے نزار بنات کو زد و کوب کیا تھا۔ نزار بنات کو جنوبی مغربی کنارے کے ہبرون میں انکے گھر پر ریڈ کرکے گرفتار کیا گیا تھا۔ حقوق انسانی تنظیم نے فلسطینی اتھارٹی کی کارگزاریوں پر اظہار تشویش کیا ہے۔ اتھارٹی کے سیاسی حریفوں کا کہنا ہیکہ محمود عباس جمہوری طور سے پھر اقتدار حاصل نہیں کرسکتے اس لئے سیاسی حریفوں کو گرفتار کیا جارہا ہے یا انہیں راستے سے ہٹایا جارہا ہے۔ محمود عباس سے اقتدارچھوڑنے کے لئے کہا جارہا ہے۔