عالمی ریڈکراس سوسائٹی نے کہا ہے کہ جنگ کی وجہ سے نئے تعلیمی سال کے دوران تیس لاکھ یمنی بچے تعلیم سے محروم رہ جائيں گے۔المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق عالمی ریڈکراس کی نمائندہ محترمہ کیتھرینا رٹز نے کہا ہے کہ ہمیں یہ بات نہیں بھلانا چاہیے کہ یمن میں جاری جنگ نے سیکڑوں اسکولوں کو تباہ و برباد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریبا تیس لاکھ یمنی بچے اس سال بھی تعلیم سے محروم رہیں گے۔
کیتھرینا رٹز نے کہا کہ دنیا کے دیگر بچوں کی طرح اسکول جانا یمنی بچوں کا حق ہے اور عالمی برادری کو اس پر توجہ دینا چاہیے۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے مارچ دوہزار پندرہ سے چند مغربی اور عرب ملکوں کے ساتھ مل کر مغربی ایشیا کے غریب ترین اسلامی ملک یمن کو جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔ یمن کے خلاف اس غیر قانونی جنگ میں سعودی عرب کو امریکہ کی سیاسی اور عسکری حمایت نیز لاجسٹک سپورٹ بھی حاصل ہے۔
سعودی عرب نے امریکہ کے فراہم کردہ جنگی طیاروں اور بموں کے ذریعے متعدد بار یمن میں اسکول بسوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
چھے سال سے زائد عرصے سے جاری سعودی جارحیت ، جنگ اور محاصرے کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہ یمنی شہری شہید ہو چکے ہیں اور اقوام متحدہ کے مطابق یمن کو تاریخ کے بدترین انسانی المیے کا سامنا ہے۔(بشکریہ۔گلوبل نیوز)