ایک جانب افغانستان میں طالبان اور سرکاری فوج کے درمیان خونی مقابلے جاری ہیں تو دوسری طرف شمال مشرقی صوبے میں سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔افغانستان کے شمال مشرقی صوبے میں رات گئے سیلابی ریلے کے سبب 40 افراد جاں بحق جبکہ 150 سے زائد لاپتہ اور متعدد مکان تباہ ہوگئے۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ملک کے شمال مشرقی صوبے نورستان کے ضلع کمدیش میں تیز بارش کے بعد سیلاب آگیا جس کے نتیجے میں 150 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔انکی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔صوبائی کونسل کے سربراہ سعیداللہ نورستانی کے مطابق سیلاب سے 40 افراد جاں بحق ہونے کے علاوہ 150 لاپتہ اور 80 مکانات تباہ ہو گئے ہیں جبکہ دووسری جانب صوبہ نورستان کے گورنر کے ترجمان سعید مومندکا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 40 کے بجائے 60 ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال بھی افغانستان کے صوبے پروان میں سیلاب کی وجہ سے درجنوں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں.