اورنگ آباد شہر کے سرکاری اسپتالوں میں طبی عملے کی کمی اور کورونا مریضوں کی بہتات سے حالات سنگین ہورہے ہیں ، ضلع انتظامیہ اپنی خامیوں کی پردہ پوشی کے لیے لاک ڈاؤن کا سہارا لے رہی ہے ، جبکہ سچائی یہ ہیکہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عام لوگ موت کے منہ میں جارہے ہیں ۔ یہ الزامات لگائے ہیں اوعنگ آباد کے ایم پی امتیاز جلیل نے۔۔ اورنگ آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امتیاز جلیل کا کہنا ہیکہ ضلع انتظامیہ موت کے اعداد وشما ر ظاہر کرکے خوف وہراس کا ماحول پیدا کررہی ہے ، جبکہ ہنگامی حالات میں کورونا کو مات دینے کے لیے جنگی پیمانے پر اقدامات کی ضرورت ہے ۔ امتیاز جلیل نے دعوی کیا کہ اورنگ آباد شہر کے پانچ سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی دو ہزار اڑتالیس آسامیاں خالی پڑیں ہیں ۔
واضح رہے اورنگ آباد شہر کے سب سے بڑے اسپتال اورنگ آباد گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کے کیجولٹی وارڈ میں ایک ہی بیڈ پر دو ، دو اور تین مریضوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں۔ ان تصاویر کے تعلق سے میڈیکل انتظامیہ نے وضاحت کی کہ بیڈ زکی قلت کے سبب ہنگامی حالات میں انھیں یہ قدم اٹھانا پڑا ۔ امتیاز جلیل نے سرکاری اسپتالوں میں طبی عملے کی کمی کے خلاف اکتیس مارچ کو اورنگ آباد شہر کے پیٹھن گیٹ علاقے عوامی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔امتیاز جلیل کے مطابق یہ ریلی حکومت کی دوغلی پالیسی کو اجاگر کرنے اور حکومت کی قلعی کھولنے کے لیے نکالی جائے گی ۔ اس ریلی میں کوروناگائیڈ لائن کا مکمل پاس ولحاظ رکھا جائیگا ۔ واضح رہے کہ اورنگ آباد ضلع میں تیس مارچ سے آٹھ اپریل تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا جارہا ہے۔ یہ فیصلہ ضلع انتظامیہ نے کیا ہے ، ضلع انتظامیہ کے فیصلے پر نکتہ چینی کرتے ہوئے ایم پی جلیل نے کہا کہ صنعتی علاقے کو لاک ڈاؤن سے مستثنی رکھا گیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہیکہ انتظامیہ صنعتکاروں کے دباؤ میں کام کررہی ہے اور اسے لاکھوں مزدوروں کی کوئی فکر نہیں ہے ، امتیاز جلیل نے مطالبہ کیا کہ صنعتی علاقے میں بھی مکمل لاک ڈاؤن ہونا چاہیے ، لاک ڈاؤن کے دوران این جی اوز کو غذا کی فراہمی کی اجازت پر بھی امتیاز جلیل نے نکتہ چینیکرتے ہوئے کہا کہ حکومت لاک ڈاؤن لگا رہی ہے توشہریوں کو غذا فراہم کرنے کی ذمہ داری بھی حکومت کو لینا چاہیئے ۔۔