شہر عزاداری امروہا میں محرم کا پہلا عشرہ نہایت عقیدت اور مذہبی جزبات کے ساتھ جاری ہے۔ کورونا کی وجہ سے ماتمی جلوس نہیں برامد ہو رہے ہیں لیکن دیگر مراسم عزا کی ادائے گی کا سلسلہ جاری ہے۔ کورونا گائیڈ لا ئینس پر عمل کرتے ہوئےعزاخانوں کے اندر مجالس و سینہ زنی اور نوحہ خوانی کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
مجلسوں میں محدود تعداد میں سوگوار شریک ہوتے ہیں۔مختلف محلوں میں نزر و نیاز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ مجلسوں میں شہر کے سوز خوان حضرات دلگداز انداز میں مختلف شعرا کا رثائی کلام پیش کرتے ہیں جسے سن کر سوگواروں پر گریہ طاری ہوجاتا ہے۔ منبر پر بھی ذکر شہیدان کربلا مختلف طریقوں سے کیا جاتا ہے۔ کہیں تحت الفظ مرثیہ پیش کیا جاتا ہے تو کہیں نثاری کے ذریعے کربلا کے مصائب بیان کئے جاتے ہیں تو کہیں روایتی ذاکری کے ذریعے شہیدان کربلا کا ذکر اور امام حسین اور انکے رفیقوں کی قربانی کا مقصد بیان کیا جاتا ہے۔عزاخانوں میں مجلس کے بعد مرثیہ پر خصوصی ماتم برپا ہوتا ہے۔