امروہا میں محرم کے جلوسوں کا اہتمام کرنے والی انمجن تحفظ عزاداری رجسٹرڈ نے ضلع حکام سے محرم کے تاریخی جلوسوں کی برامدگی کی اجازت دئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں انجمن کے ایک وفد نے ضلع مجسٹریٹ بال کرشن ترپاٹھی سے ملاقات کی اور انہیں ایک میمورنڈم سونپا۔ میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا کہ تین محرم سے دس محرم کے شہر کے قدیم اور تاریخی جلوسوں کی حسب روایا برامدگی کی اجازت دی جائے ۔ وفد نے ڈی ایم سے محرم کے دوران ہونے والی مجلسوں اور جلوسوں کےاہتمام میں تعاون بھی طلب کیا۔ ڈی ایم نے وفد کو یقین دلایا کہ ریاستی سرکار کی ہدایات کے مطابق محرم کے پروگراموں کا انعقاد کرایا جائے گا۔
انمجن تحفظ عزاداری کے اسی وفد نے نگر پالیکا پریشد کے ایکزیکیٹو افسر سے بھی ملاقات کی اور محرم کے جلوسوں کے پیش نظر ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی مرمت کا کام جلد از جلد مکمل کرانے کا مطالبہ کیا۔ وفد نے نگرپالیکا پریشد کے محرم کے جلوسوں سے متعلق تمام محکموں کے حکام سے بھی رابطہ قائم کیا اور ان سے جلوسوں کے اہتمام میں تعاون طلب کیا۔ انجمن کے وفد میں کارگزار نائب صدر لیاقت علی،کارگزار جنرل سیکریٹری ضیا اعجاز نقوی اور مجلس عاملہ کے ممبر مکی نقوی شامل تھے۔