اسرائیل کے ذریعے غزہ پٹی کی ناکہ بندی کے خلاف غزہ میں فلسطینیوں کا احتجاج شدید ہو گیا ہے۔ سیکڑوں فلسطینیوں نے اسرائیل کے ذریعے لگائی گئی خاردار باڑھ کے پاس احتجاج کیا۔ ایک ہفتے قبل بھی ناکہ بندی کے خلاف غزہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا جسکے دوران مظاہرین اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی تھیں۔
فلسطینی طبی ذرائع کے مطابق جنوبی غزہ میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے اسرائیلی فوجیوں نے اشک آور گیس کے گولے داغے اور فائرنگ کی جس میں کم از کم نو افراد زخمی ہوئے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی کے جنوبی شہر خان یونس میں مظاہرین پر اشک آور گیس کے درجنوں کنستر پھینکے گئے۔گزشتہ سنیچر کے احتجاجی مظاہرے میں چالیس فلسطینی زخمی ہوئے تھے جن میں ایک تیرہ سالہ لڑکا بھی شامل ہے جسکے سر میں اسرائیلی فوجی نے گولی ماری تھی۔ تیس سالہ زخمی اسامہ دوجی کی بدھ کے روز موت ہوگئی ۔ دیوار کے سوراخ سے ایک فلسطینی نے جس اسرئیلی فوجی کے سر میں قریب سے گولی ماری تھی وہ ابھی اسپتال میں زیر علاج ہے۔