qaumikhabrein

قومی خبریں  کا مختصر تعارف

cradmin

ہندستان میں اس وقت  عمومی طور پر صحافت اور خصوصی طور پر الیکٹرانک میڈیا کا منظر نامہ مفاد پرستی اور چاپلوسی کے دھوندھلکے میں گھرا ہوا ہے۔ ملکی میڈیا کا  ایک  بہت بڑا طبقہ زرد صحافت سے آلودہ ہے۔ حکومت کی چاپلوسی اور اسکے ہر عیب کی پردہ پوشی  کرنا اس وقت ملکی میڈیا کا اولین اور واحد مقصد بنا ہوا ہے۔حقائق کو حکومت کے حق میں توڑ مروڑ کر پیش کرنے میں  آج کا ملکی میڈیا ماہر ہو چکا ہے۔ میڈیا کی ترجیح ملکی مفادات  کے اوپر حکومت کا دفاع کرنا بن چکی ہے۔عوام کے مختلف فرقوں مذہبوں اور  طبقوں کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنے کے فرض کو  میڈیا کا بڑا طبقہ پس پشت ڈال چکا ہے۔ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف اٹھنے والی ہر تحریک کو  ناکام بنانے کی کوشش میں حکومت کا نمک خوار میڈیا فوری طور پر سرگرم ہو جاتا ہے۔  حکومت سے سوال کرنا اس وقت ہندستان جیسے جمہوری ملک میں ناقابل معافی گناہ بن گیا ہے۔ ا لبتہ  کچھ میڈیا ادارے اور سوشل میڈیا  کا ایک بڑاحصہ اس وبا سے قدرے بچا ہوا  ہے۔ لیکن اسے حکومت کے نمک خوار میڈیا اور ٹرول آرمی کے زبردست پروپگنڈے کا شکار ہونا پڑ تا ہے۔حکومت  سے سوال کرنے کی ہمت کرنے والے صحافیوں اور میڈیا اداروں  کی کلائی مروڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس پراگندہ ماحول میں قومی خبریں نیوز ویب سائٹ نے صاف، شفاف ،سیکیولر اور جمہوریت حامی صحافت کے میدان میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔قومی خبریں نیوز ویب سائٹ کا مقصد عوام کے سامنے  حالات اور واقعات کی صحیح اور سچی تصویر پیش کرنا ہے۔ قومی  خبریں ویب سائٹ  پر ان حادثات اور واقعات کو اسکے حقیقی پیرایہ میں پیش  کیا جائےگا جنہیں مفاد پرست اور حکومت حامی میڈیا یا تو سامنے ہی نہیں آنے دیتا ہے یا اگر سامنے لاتا بھی ہے تو اسکا حلیہ اس قدر بگاڑ دیتا ہے کہ حقیقت اور اصلیت کی شناخت مشکل ہوجاتی ہے۔
قومی خبریں ویب سائٹ پر ایک مستحکم سیکولر اور جمہوری ملک کے بطور ایک مضبوط ہندوستان کی سچی تصویر پیش کی جاتی ہے جو ایک فعال اور ترقی پسند ملک ہے اور تیز رفتار معاشی، صنعتی اور تکنیکی ترقی کے لئے سر گرم ہے۔ ہندوستان کی وسیع افرادی قوت نیز اس کی حصولیابیوں اور ماحولیاتی توازن کی حقیقت کو آسان اور عام فہم زبان میں بیان کیا جاتا ہے۔

نصب العین
• جمہوریت اور سیکیولرزم کا فروغ اور انسانی اقدار کی ترویج-
• بلا تفریق رنگ و نسل، مذہب و ملت کے مظلوموں کے لئے آواز بلند کرنا-
• باہمی اتحاد کا پیغام عام کرنا اور مختلف فرقوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا-
• سیکیولر اور جمہوری ہندستان کے خلاف سازشوں کو بے نقاب کرنا-
• ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں کردار نبھانے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا